لاہور: وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کے واقعات کی پولیس انکوائری تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور سب کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ہاشم ڈوگر نے کہا کہ 25 مئی کی انکوائری میں ذمہ دار قرار دئیے گئے افراد سفارشیں نہ کرائیں کیونکہ اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ 25 مئی کے واقعات میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی بلکہ سب کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 25 مئی 2022 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے دوران پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے تھے جس کے باعث لاہور میدان جنگ بن گیا تھا، اسی دوران متعدد پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہونے کے بعد فواد چوہدری کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ہونے والے اجلاس میں 25 مئی کے تشدد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد کارروائیوں میں ملوث 12 ایس ایچ اوز کو معطل بھی کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ 25 مئی کو زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، رانا ثنااللہ آپ کے خلاف کیس لا رہے ہیں، آپ جیل جانے والے ہو، آپ کو پھانسی کی سزا ہو گی۔
25 مئی کی انکوائری مکمل، ذمہ داران سفارشیں نہ کرائیں: وزیر داخلہ پنجاب
10:05 AM, 4 Sep, 2022