لاہور: ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کرپشن بچانے کیلئے حکومت پر تنقید کر رہی ہے ۔ ن لیگ کے ترجمان بے بنیاد باتیں کرتے ہیں اس سے گریز کریں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 52 لاکھ کا رونا رونے والوں یہ ہیلی پیڈ سرکاری استعمال کیلئے بنایا گیا ہے ۔ عظمیٰ بخاری نے بغیر سوچے سمجھے آج بے تکی باتیں کی ہیں ۔ اصلی کنیز صاحبہ نے وزیراعلیٰ پنجاب پر بے سروپا الزامات لگائے ۔
انہوں نے کہا کہ نیب دفتر کے باہر آڈٹ رپورٹ کا واویلا مچایا گیا ، آڈٹ رپورٹ ہر سال حکومت اور ادارے کی ہوتی ہے ۔ عظمیٰ بخاری 2008 سے 2018 تک کی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منگوالیں ۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے 56 ارب کی کرپشن کی ہے ۔ عظمیٰ بخاری نوکری پکی کرنے کے چکر میں جھوٹ بول رہی ہیں ۔ پنجاب کی کنیز کو ملک احمد خان کے آنے کے بعد ڈر لگا ہوا ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اپنے کئے کی جلد سزا ملنے والی ہے ۔ رہنماؤں کے لبادے میں ان چوروں نے ملک کو بیدردی سے لوٹا ۔ کرپشن سے بھرپور خاندان ہمیں سمجھائے گا کہ ہر شعبہ زندگی میں کیسے کام کرنا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی کرپشن کے چرچے دنیا بھر میں گونج رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کو ہر سال 7 ارب روپے کا خسارہ ہو رہا ہے ۔ اورنج لائن کو 53 کروڑ روپے ماہانہ خسارہ ہو رہا ہے ، اورنج لائن کو ماہانہ 7 کروڑ روپے آمدن ہو رہی ہے ۔ اورنج لائن کی ماہانہ آپریشنل کاسٹ 60 کروڑ روپے ہے ۔ بتایا گیا تھا اورنج ٹرین ایک منافع بخش پراجیکٹ ہوگا ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ احسن اقبال کے بھائی کو 95 کروڑ روپے میٹرو کے نیچے پھول پتیاں لگانے پر دیئے گئے ۔ مسلم لیگ ن کی بندر بانٹ کی ساری تفصیلات نیب بتا چکا ہے ۔