اسلام آباد: حکومت پاکستان نے صحت کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل پاکستان سٹیزن پورٹل کیساتھ منسلک کر دئیے ہیں اور ایپلی کیشن میں اسے خصوصی کیٹیگری الاٹ کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ صحت انصاف کارڈ سے متعلق شہریوں کے مسائل پاکستان سٹیزن پورٹل کیساتھ منسلک کرتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کے نام سے خصوصی کیٹگری الاٹ کردی گئی ہے، اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں علاج سے انکار، سہولیات کے فقدان اور عملے کے روئیے سے متعلق براہ راست شکایات کی جا سکیں گی۔ اس کے علاوہ علاج آنے والے اخراجات کی عدم معلومات، علاج میں تاخیر اور غلط علاج پر بھی شہری شکایت کر سکیں گے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہری صحت انصاف کارڈ کے پینل میں شامل ہسپتالوں کے مسائل پر بھی شکایات درج کروائی جا سکیں گے جبکہ شکایات کے فوری ازالے کیلئے سٹیٹ لائف کے اعلیٰ افسران کو خصوصی ڈیش بورڈ بھی الاٹ کئے گئے ہیں، چیئرمین سٹیٹ لائف شہریوں کی شکایات کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے۔