لاہور: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کوچ روی شاستری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو دنیا کے بہترین کپتانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میدان میں کسی کو معاف نہیں کرتے تھے۔
روی شاستری نے اپنی کتاب ”سٹار گیزنگ“ میں لکھا کہ اس بات کو ثابت کرنے کیلئے کسی چیز کی ضرورت نہیں کہ عمران خان دنیا کے بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں، کیونکہ ناصرف ان کا ریکارڈ گواہی دے رہا ہے بلکہ جو بھی عمران خان کے خلاف میدان میں کھیل چکا ہے، وہ بطور کپتان، کھلاڑی اور آل راؤنڈر ان کے قد کاٹھ سے بخوبی واقف ہے۔
روی شاستری نے اپنی کتاب میں ایک واقعہ بیان کیا ہے کہ انڈر25 ٹیم کیخلاف ایک میچ میں عمران خان ٹریفک مسائل کی وجہ سے تاخیر سے آئے اور فوری طور پر باؤلنگ شروع کرنا چاہتے تھے لیکن بطور کپتان میں نے اعتراض کیا کہ قانون کے مطابق وہ ایسا نہیں کر سکتے جس پر انہوں نے وسیم اکرم اور دیگر باؤلرز سے کہا کہ باؤنسرز کرواؤ اور اس کا امتحان لو۔
بعد ازاں شارجہ میں ایک انٹرنیشنل میچ کے دوران بھارت میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھا کہ مجھے کریمپس پڑ گئے اور جب میں نے رنر منگوانے کیلئے کہا تو عمران خان نے انکار کر دیا۔ مجھے اندازہ ہوگیا کہ کپتان ماضی کا واقعہ نہیں بھولے، میں جلد ہی آؤٹ ہو گیا اور ٹیم اچھا مجموعہ نہ بنا سکی، عمران خان میدان میں کسی کو معاف نہیں کرتے تھے، باہر بھی خاموش لیکن حریف کھلاڑیوں سے دوستانہ تعلقات رکھتے تھے۔