انتظامیہ، پولیس سیاسی طور پر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہے: عثمان بزدار

10:16 AM, 4 Sep, 2021

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی روایات کے برعکس انتظامیہ اور پولیس سیاسی طور پر آزاد اور فیصلے کرنے میں خود مختار ہے ۔

اپنے بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کو خود مختاری دینے کی ایسی مثال نہ پہلے تھی نہ آئندہ نظر آئے گی ۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسروں اور عملے کے ساتھ کھڑا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غیر جانبداری اور قواعد و ضوابط کے مطابق فرائض سرانجام دینا اچھے افسر کی پہچان ہے ۔ انتظامیہ اور پولیس کی منظم کاوشوں میں کامیابی پوشیدہ ہے ۔ عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ، یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئے عزم اور جذبے سے کام کرنا ہوگا ۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بہترین کارکردگی اور عوامی مسائل حل کرنے پر افسروں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ خراب کارکردگی پر افسروں سے باز پرس ہوگی ۔ عوامی خدمت کے مشن میں کسی دباؤ کو برداشت کیا جائے گا نہ مداخلت ۔

مزیدخبریں