اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔پاکستان کے لئے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے آج اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ پر نشر کرنے کے لئے پاکستانی فلموں اور ڈراموں کا عربی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ثقافتی تعاون دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان روابط کو بہتر بنائے گا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ملکی سیاحت کی صنعت کی ترقی کےلئے پاکستان کے خوبصورت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔