اسلام آباد: قومی ایئرلائن پی آئی اے کے اندرون ملک کرایوں میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اندرون ملک کرائے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
پی آئی اے نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان نیا پیکج متعارف کرواتے ہوئے 20 کلو سامان کے ساتھ یک طرفہ کرایہ صرف 7 ہزار 4 سو روپے جبکہ دو طرفہ کرایہ صرف 13 ہزار 5 سو کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے کرایوں کا اطلاق فوری ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔قومی ایئرلائن نے 21 اگست کو بھی کرایوں میں کمی کرتے ہوئے یکطرفہ کرایہ سات ہزار 879 روپے مقرر کیا تھا اور مسافر صرف دستی سامان ہی ہمراہ لے جاسکتے تھے۔ اضافی سامان کیلئے پی آئی اے کی ٹکٹ آٹھ ہزار 543 رکھی گئی تھی۔
اس سے قبل جولائی2020 میں بھی قومی ائیرلائن نے اندورن ملک کرایوں میں کمی کی تھی۔ جولائی میں کراچی سے اسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ 9572 روپے کیا گیا تھا۔دو ماہ قبل کراچی سے لاہور کے درمیان یکطرفہ کرایہ 9572 مقرر کیا گیا تھا اورمسافروں کو اندرون ملک سفر کے دوران اپنے ہمراہ سات کلو گرام دستی سامان لے جانے کی اجازت تھی۔
قومی ایئرلائن کے کرایوں میں کمی سے قبل کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگرشہروں کا یکطرفہ کرایہ 12 ہزار روپے تھا اور دو ماہ میں دوسری بار کمی کی گئی ہے۔