اسلام آباد:امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان ملتوی ، جمرات کو پاکستان آمد متوقع ہے۔امریکی عہدیدار نے پاکستانی قیادت کو افغان طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کو عارضی طور پر افغانستان میں ہونے والے حملوں کی وجہ سے مؤخر کیا گیا ہے ، اہم سفارتی ذرائع نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ جمعرات کو امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے گرین ولیج میں پیر کی شب ایک خود کش کاربم حملہ ہوا تھا جس میں 16 افراد جاں بحق اور 119 زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے قبل بھی دوحہ مذاکرات کے دوران دو حملے کیے گئے تھے جس میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کی شب ہونے والا خود کش کار بم حملہ عین اس وقت کیا گیا تھا کہ جس وقت طالبان سے ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کرنے والے زلمے خلیل زاد کا ٹی وی انٹرویو نشر کیا جا رہا تھا جس میں وہ افغان قوم کو معاہدے کی کامیابی کے متعلق بتا رہے تھے۔
دوحہ، قطر میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے گزشتہ دنوں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ اس ضمن میں امریکی پینٹاگون اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ایک صفحے پر نہیں ہیں۔
اس ضمن میں عام تاثر ہے کہ امریکہ میں نہایت بااثر تصور کیے جانے والے مشیر برائے قومی سلامتی امور جان بولٹن اور کچھ اعلیٰ فوجی افسران فی الفور افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کو قبل از وقت سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو سمیت دیگر حکام کی خواہش ہے کہ افغانستان سے فوراً غیر ملکی افواج کا انخلا ہو ، شام سے فوجی اںخلا کے معاملے پر بھی امریکہ میں اعلیٰ سطحی اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے اور متعدد اعلیٰ امریکی عہدیداروں نے صدر ٹرمپ کی حکمت عملی سے اختلاف کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔