دنیا کی مہنگی ترین کاروں کے مشہور کمپنی لامبور گینی نے دنیا کی سب سے مضبوط اور سب سے تیز رفتار ہائبرڈ کار متعارف کروا دی ہے ,لامبورگینی کی جانب سے تیار کی گئی ہائبرڈ کار کو آئندہ ہفتے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہونے والے آٹو شو میں متعارف کرایا جائے گا۔
یہ کار محض تین سیکنڈ میں 60 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار پکڑتی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس گاڑی کو دنیا کی اب تک کی تیار کی جانے والی ہائبرڈ گاڑیوں میں سب سے مضبوط قرار دیا گیا ہے۔
لامبور گینی کے مطابق دنیا کی سب سے تیز رفتار ہائبرڈ کار کی سب سے زیادہ سپیڈ 217 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی ، کمپنی نے اس نئی کار کو سیان کا نام دیا ہے اور گاڑی پر یہ نام اٹلی کے ایک گاؤں کے نام پر رکھا گیا ہے۔
لامبور گینی کمپنی اس کار کی محض 63 کاریں تیار کرے گی جو پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔کمپنی کی جانب سے 1963 میں کاریں بنانے کے آغاز کے وقت بھی اسی طرح کم تعداد میں گاڑیاں بنائی گئی تھیں اور اب 65 سال بعد کم تعداد میں گاڑیاں بنائی جا رہی ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کار ہائبرڈ سسٹم کے ذریعے انتہائی کم وقت میں بجلی پیدا کرتی ہے اور اس سسٹم کے لیے کار میں سپر کیپیسٹر نصب کیے گئے ہیں جو ایک بار بریک لگانے پر بھی چارج ہوجاتے ہیں , یہ واضح نہیں ہے کہ اس کار کی قیمت کیا ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کار کی قیمت لاکھوں ڈالر میں ہوگی۔