ہرارے:زمبابوین ٹیم کے کپتان ہملٹن مسکڈزا نے رواں ماہ بنگلہ دیش میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
مسکڈزا آئی سی سی کی طرف سے زمبابوین کرکٹ کی معطلی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل سولومون مائر بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔
سہ ملکی سیریز میں زمبابوے، میزبان بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔زمبابوے کرکٹ بورڈ نے رواں سال فروری میں مسکڈزا کو تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جولائی میں زمبابوے کرکٹ کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد زمبابوین کھلاڑیوں کا مستقبل غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے زمبابوین کرکٹ کو معطل کرنے کے بعد مسکڈزا نے وزیر کھیل سے فوری طور پر مسئلے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ کھلاڑیوں کو مالی طور پر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کا مستقبل بھی محفوظ رہے۔
مسکڈزا کو 38 ٹیسٹ، 209 ون ڈے اور 62 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔