کوچنگ باعث فخر ، ٹیم کو ناقابل شکست بنانا میرا مشن ہو گا،مصباح الحق

02:02 PM, 4 Sep, 2019

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم  کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے والے بہترین ناموں کی فہرست میں شامل ہونا میرے لئے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے، قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ بہت بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکنیں کرکٹ کے ساتھ دھڑکتی ہیں لہٰذا خود سے وابستہ توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، پاکستان کرکٹ ٹیم کو ناقابل شکست بنانا میرا  مشن ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر میں اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کےلئے تیار نہ ہوتا تو کبھی بھی اس عہدے کےلئے درخواست نہ دیتا۔سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے میں ان پرجوش کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کےلئے بھرپور کوشش کروں گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ صرف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ہی ٹیم میں شمولیت کا موقع ملے گا،میں نے اسی سوچ کے ساتھ اپنے کیریئر میں کرکٹ کھیلی ہے اور اسی سوچ کے ساتھ نئے رول میں بھی نظر آؤں گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر وقار یونس کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ نوجوان قومی کرکٹرز کی تربیت کےلئے وقار یونس سے بہتر کوئی باؤلنگ  کوچ نہیں ہوسکتا۔

مصباح الحق نے کہا کہ میں اس نئے رول میں قسمت آزمائی سے قبل اپنے اہلخانہ، دوستوں، سابق کرکٹرز، پی سی بی ، اپنے کلب، ڈیپارٹمنٹ اور فرنچائز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزیدخبریں