میرے والد زندہ ہیں، خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، راہمہ علی

12:11 PM, 4 Sep, 2019

کراچی:نامور پاکستانی اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ان کی بیٹیوں ایمان اور راہمہ علی نے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔

بیٹی راہمہ نے اپنے والد کی موت کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک میرے والد زندہ ہیں انہیں زندہ رہنے دیا جائے-پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

ان کی بڑی بیٹی اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد اور گھر والوں کے ہمراہ ایک یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب اداکار عابد علی کی چھوٹی بیٹی راہمہ نے بھی سوشل میڈیا پراپنے والد کی طبعیت سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد گزشتہ دو ماہ سے بہت بیمار ہیں، ڈاکٹرز نے ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن اب تمام ڈاکٹرز نے جواب دے دیاہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ جو کرسکتے تھے کرلیا اب وہ ہمارے والد کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتے۔ لیکن اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں، وہ چاہے تو کیا نہیں ہوسکتا۔

گزشتہ روز راہمہ علی نے انسٹاگرام پر سٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے ان کے والد کو جواب دے دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئیں کہ عابد علی کا انتقال ہوگیا۔جس کے فوری بعد یہ خبریں وائرل بھی ہوگئیں، تاہم ایمان علی اور راہمہ دونوں نے ان خبروں کو جھوٹی افواہیں ٹھہراتے ہوئے ایسی خبریں بنانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایمان علی نے اس حوالے سے شائع ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔جبکہ راہمہ علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ زندہ ہیں الحمداللہ اور زندہ رہیں گے، ہسپتال میں سو رہے ہیں، خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، جب تک زندہ ہیں رہنے دیں۔راہمہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ اگر آپ لوگوں کی دعائیں بھی مل جائیں تو شاید اللہ سن لیں کسی کی، مہربانی کرکے ہمارے والد کے لیے دعا کریں۔

واضح رہے کہ عابد علی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ”وارث“، ”دیار دل“، ”مہندی“، ”بیٹیاں“، ”صنم“، ”رخصتی“ اور”دشت“ جیسے مقبول ڈراموں میں لازوال کردار اداکیے ہیں۔

مزیدخبریں