ماریہ واسطی اے ایس ایف اہلکار کی حمایت میں آگئی ،اہم بیان دے ڈالا

02:44 PM, 4 Sep, 2018

کراچی :  پاکستانی ڈراموں کی معروف ترین اداکارہ ماریہ واسطی سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کر نے والی خاتون اہلکار کی حمایت میں کود پڑیں۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے خاتون اہلکار کو ملنے والی سزا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے وارننگ دی جاسکتی تھی، اس طرح سے خاتون اہلکار کا کریئر تباہ کرنا یا 2 سال کے لیے معطل کردینا بہت سخت سزا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ائیر پورٹ کے ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ایک خاتون اہلکار نے یونیفارم پہنے بالی وڈ کے گانے پر ڈانس کی ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی خاتون اہلکار نے بھارتی گانے نخرہ تیرا پر ڈانس کیا۔ اور اس ویڈیو میں خاتون اہلکار کو یونیفارم میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون اہلکار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اسٹاف پر دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اس حوالے آج یہ خبر منظر عام پر آئی کہ ویڈیو اپ لوڈ کرنے والی خاتون اہلکار کو سزا سنا دی گئی۔ ویڈیو اپ لوڈ کرنے پرلیڈی اے ایس ایف اہلکار کی 2 سال کی سروس ضبط کرلی گئی ہے۔ جبکہ خاتون اہلکار نے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ اے ایس ایف حکام کے مطابق اے ایس ایف کے اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

تاہم اس قدر سخت سزا سنانے پر بہت سے شخصیات اس خاتون اہلکار کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔ پاکستان کی معروف اداکارہ ماریہ واسطی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اہلکار کو دی جانے والی سزا بہت سخت ہے، اگر کسی قسم کا کوڈ آف کنڈکٹ ہے تو یہ اہلکاروں کو پہلے بتانا چاہیے یا پھر کنٹریٹ میں تحریر ہونا چاہیے۔ ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی کوڈ آف کنڈکٹ موجود نہیں تو اسے وارننگ دی جاسکتی تھی، اس طرح سے خاتون اہلکار کا کریئر تباہ کرنا یا 2 سال کیلئے معطل کردینا بہت سخت سزا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں شامل ہونا چاہیے کہ اہلکار مذکورہ امور انجام دے سکتے ہیں اور فلاں کام کی انجام دہی پر پابندی ہوگی۔

مزیدخبریں