لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اگر آج صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عارف علوی جیتے تو اس کے ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری ہوں گے۔
صدارتی انتخاب کے سلسلے میں ووٹ ڈالنے کے لیے پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر سعد رفیق نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'آصف زرداری کو معلوم تھا کہ وہ ایک متنازع شخص کو امیدوار بنارہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ووٹ زیادہ ہیں، لہذا وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار آپ کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کو بے نقاب کرنے کا ایک موقع تھا، جس کو خراب کیا گیا۔لیگی رہنما کے مطابق ایک وقت تھا کہ عمران خان کہتے تھے، پیپلز پارٹی ن لیگ کی فرینڈلی اپوزیشن ہے، آج پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن بن گئی ہے، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ڈانڈے نجانے کہاں کہاں جاکے ملتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی بھلے آدمی ہیں ان کی قدر کرتا ہوں، لیکن آصف علی زرداری کا رویہ ناقابل فہم ہے۔ آج اگر پی ٹی آئی کا امیدوار جیتا تو شیلڈ زرداری صاحب کو ملے گی۔