سعودیہ میں غیر ملکیوں نے دکانیں، کاروباربند کرنا شروع کر دیے

 سعودیہ میں غیر ملکیوں نے دکانیں، کاروباربند کرنا شروع کر دیے
کیپشن: اس فیصلے کے بعد سے دکانوں پر سعودی ملازم کام کریں گے۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سعودی گزٹ

ریاض: سعودی عرب میں دکانوں اور شورومز میں 70 فیصد مقامی ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے ڈیڈلائن ختم ہونے میں 6 روز رہ گئے جبکہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں نے اپنی دکانیں اور کاروبار بند کرنا شروع کر دیئے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ لیبر نے دکانداروں، آٹو موبائل شورومز، کپڑوں، فرنیچر اور گھریلو سامان کی دکانوں میں 70 فیصد سعودی ملازمین بھرتی کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایک معاشی ماہر فہد الشرافی کے مطابق سعودی عرب کی ریٹیل مارکیٹ 375 ارب ریال مالیت کی ہے اور اس اقدام سے 10 لاکھ نوکریاں پیدا ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملازمتوں پر مقامی افراد کو رکھنے کے فیصلے سے سعودی شہریوں کو اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

اس فیصلے کے بعد سے گھڑیوں، چشموں، طبی سامان، الیکٹرانک آلات،گاڑیوں کے پرزوں کی دکانوں، تعمیراتی اور دفاترکے سامان، قالینوں اور تیار ملبوسات کی دکانوں پر بھی سعودی ملازم کام کریں گے۔

دوسری جانب 11 ستمبر سے سعودی محکمہ لیبر اس قانون پر عمل کے لیے 200 انسپکٹرز بھی تعینات کردے گا۔