حادثہ یا دیوالیہ ہونے پر بینک صرف 5 لاکھ تک اکاؤنٹ والے صارفین کو رقم واپسی کے پابند ہیں: سٹیٹ بینک کا انکشاف 

07:51 PM, 4 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : کمرشل بینکوں میں صارفین کا بینک بیلنس مکمل طور پر محفوظ نہیں اس بات کا انکشاف سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کیا۔

سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکاء کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ کوئی بینک دیوالیہ ہو، ڈوب جائے یا ناکام ہوجائے تو 5 لاکھ سے اضافی جمع رقم کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ بینکوں میں صرف پانچ لاکھ روپے تک کی رقم کو قانونی تحفظ حاصل ہے جو کوئی حادثے یا کسی اور وجہ سے ڈوب جائے تو صارف کو ملے گی بصورت دیگر نہیں۔

اکاؤنٹ ہولڈر کی بینک میں موجود 5 لاکھ روپے سے زائد کی رقم محفوظ نہیں ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 5 لاکھ روپے تک کے ڈپازٹس رکھنے والے کھاتہ داروں کی شرح 94 فیصد ہے، صرف 6 فیصد اکانٹ ہولڈرز کا بینک بیلنس 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔

پانچ لاکھ روپے تک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کو ڈپازٹس پروٹیکشن کارپوریشن کے ذریعے ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپازٹس پروٹیکشن کارپوریشن اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ذیلی ادارہ ہے، یہ ادارہ بینکوں سے ہر سال سبسکرپشن فیس لیتا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شرح سود کے بڑھنے سے ملکی قرضے میں اضافہ ہوتا ہے، اسٹیٹ بینک 50 بیسز پوائنٹ شرح سود بڑھاتا ہے تو 300 ارب روپے قرض میں اضافہ ہوتا ہے۔

مزیدخبریں