اسلام آباد: سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے میری موجودگی میں مریم نواز کے لیے انتہائی غلیظ لفظ استعمال کیا تھا جس پر میں نے انہیں کہا تھا کہ مسٹر پرائم منسٹر! آپ تمیز سے بات کریں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے ہیکر کے دعویٰ کہ انہیں (بشیرمیمن) کو ایوان وزیر اعظم کے واش روم میں بند کردیا گیا تھا کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا پس منظر بھی بیان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اعظم خان مجھے سابق وزیر اعظم کے پاس لے کر گیا اور عمران خان نے مجھے کہا کہ خواجہ آصف پر غداری کا مقدمہ بناؤ میں نے انکار کردیا۔ اس کے بعد عمران خان نے بات چیت کے دوران مریم نواز کیلئے انتہائی غلیظ لفظ استعمال کیا جو میں بتا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف غلیظ لفظ کے استعمال پر میرا پارہ ہائی ہوگیا اور میں نے عمران خان کو کہا کہ آپ تمیز کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے بات کریں ۔ میرے غصے کو دیکھتے ہوئے اعظم خان مجھے اپنے ساتھ لے گیا ۔ کمرے سے باہر نکلتے ہی میں نے عمران خان کو ایسی ایسی گالیاں دی کہ بس بیان نہیں کرسکتا۔
اعظم خان مجھے اپنے دفتر میں لے گیا تو وہاں بھی لوگ بیٹھے تھے تو اعظم خان مجھے اپنے دفتر کے واش روم میں لے گیا اور لاک کرکے کہا کہ میمن صاحب اپنا غصہ ٹھنڈا کریں درود شریف پڑھیں جانے دیں جو ہوا۔
بشیر میمن نے ہیکر سے درخواست کی میں نے جوعمران خان کے کمرے سے باہر نکل کر گندی گالیاں دی تھیں پلیز انہیں ریلیز نہ کرے کیونکہ میرے بچے سنیں گے تو کیا کہیں گے کہ ہمارا اتنی گندی گالیاں دیتا ہے۔