اسمارٹ فونز رکھنے والوں کی بڑی مشکل حل ، تمام اسمارٹ فونز کیلئے ایک ہی چارجر استعمال ہوگا

06:20 PM, 4 Oct, 2022

 اسمارٹ فونز  رکھنے والوں کی  چارجنگ  کی مشکل آسان کرنے کیلئے ایک ہی طرح کی پورٹ بنائی جائے گی ،اسمارٹ فونز کی چارجنگ کیلئے مختلف اسٹینڈرڈ استعمال ہوتے ہیں جیسے اینڈرائیڈ فونز میں مائیکرو یو ایس بی یا یو ایس بی سی پورٹ جبکہ ایپل کے آئی فونز میں لائٹننگ کنکٹرز کی ضر ورت ہوتی ہے ۔

مگر اب یورپی پارلیمنٹ نے نئے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت   یورپی یونین کی  تمام کمپنیوں کو ایک ہی موبائل چارجنگ پورٹ کا استعمال فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے کرنا ہوگا۔

 زرائع کے مطابق اس پابندی کا اطلاق 2024  سے  ہوگا اور اس سے آئی فون تیار کرنے والی کمپنی ایپل سب سے  زیادہ متاثر ہوگی۔

یورپی یونین نے جون 2022 میں عندیہ دیا تھا کہ تمام ڈیوائسز کے لیے یو ایس بی سی چارجنگ کنکٹر کا استعمال یقینی بنایا جائے گا اور اب اس حوالے سے قانون سازی بھی کردی گئی ہے ۔

 یورپی قانون کے مطابق ای ریڈرز، ائیر بڈز اور دیگر ٹیکنالوجیز پر مبنی ڈیوائسز میں بھی یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کی موجودگی ضروری ہوگی۔

یورپی پارلیمنٹ میں  اس  قانون  کو 602 ووٹوں سے منظور  کیا ہے ۔یورپین کمیشن کا تخمینہ ہے کہ سنگل چارجر سے یورپ میں صارفین کو 25 کروڑ یورو کی بچت ہوگی۔

خیال رہے کچھ  ایسی رپورٹس بھی  سامنے آرہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے آئی فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کی آزمائش کی جارہی ہے جو 2023 میں متعارف کرائے جا سکتی ہے۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ایپل کی جانب سے ایک ایسے اڈاپٹر کو بھی تیار کیا جارہا ہے جو یو ایس بی سی پورٹ سے لیس نئے آئی فونز میں لائٹنگ کنکٹر ایسیسریز کا استعمال ممکن بنا سکے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں