چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع، وزیراعظم نے اہم اجلاس بلالیا

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع، وزیراعظم نے اہم اجلاس بلالیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر  وزیراعظم عمران خان نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا  ہے۔

نیو نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیر قانون فروغ نسیم  ، مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اور وزیر اطلاعات و نشریات  فواد چودھری شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کو  چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرڈیننس کے مسودے پر بریفنگ دی جائے گی ۔ منظوری کے بعد مسودہ کی سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو بجھوائی جائے گی۔

  

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مدت ملازمت 8 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے اور حکومت اپوزیشن کے خلاف کیسز ہونے کی وجہ سے ان کو ہی چیئرمین نیب کے طور پر توسیع دینا چاہتی ہے۔

اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین نیب کو توسیع دینے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب متنازعہ ہوچکے ہیں۔ یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔ اور چیئرمین نیب کو ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہ حکومت کی کرپشن پر خاموش جبکہ اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد ریفرنس بنا رہے ہیں۔