وسیم خان کیا واقعی 26 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتے رہے؟ بالآخر موقف دیدیا

06:52 PM, 4 Oct, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا ہے کہ میری تنخواہ اور مراعات کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ میں نے 2 سال کے عرصے میں غیر ملکی دوروں میں 40ہزار ڈالرز کے اخراجات وصول نہیں کئے۔ 
تفصیل کے مطابق نجی خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وسیم خان پی سی بی میں ملازمت کے دوران 26 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کرنے کیساتھ ساتھ انگلینڈ کے دوروں کے دوران روانہ 900 ڈالر اور دیگر غیر ملکی دوروں کے دوران روزانہ 600 ڈالر وصول کرتے رہے تاہم اب وسیم خان نے اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے تمام دعوﺅں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ میری تنخواہ اور مراعات سے متعلق اعداد و شمار بڑھا چڑھا کر پیش کئے گئے جو مضحکہ خیز بات ہے اور ایسا صرف اور مجھے بدنام کرنے کیلئے کیا گیا۔ وسیم خان نے انکشاف کیا کہ پی سی بی میں ملازمت کے ابتدائی دو سالوں کے دوران میں نے اخراجات کی مد میں پی سی بی سے 40 ہزار ڈالر کی رقم وصول نہیں کی جو میرا استحقاق تھا مگر اس رقم سے دستبردار ہونے کا فیصلہ بھی میں نے خود ہی کیا تھا۔ 
واضح رہے کہ 50 سالہ وسیم خان پی سی بی میں تین سال تک چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر تعینات رہنے کے بعد حال ہی میں مستعفی ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں کام کا تجربہ بے حد شاندار رہا جس دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انہوں نے اپنی مدت ملازمت کے دوران بھرپور تعاون کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔

مزیدخبریں