لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کم عمر گھریلو ملازمین بھائی اور بہن پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ

10:30 AM, 4 Oct, 2021

لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کم عمر گھریلو ملازمین بہن اور بھائی کو بیدردی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ گھر کے مالک میاں بیوی نے دونوں بچوں کے جسم تشدد کے دوران گرم استری سے داغ دیئے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایک شہری نے بیروزگاری کے باعث اپنے دو کم سن بچوں کو شاہد جنید کے گھر میں ملازم رکھوایا تھا لیکن شاہد اور اس کی بیوی اقراء  دونوں بہن بھائیوں کو بری طرح تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔ تشدد سے معصوم بچوں کے جسم کا کوئی بھی حصہ ایسا نہیں جہاں پر کوئی نشان نہ پڑا ہو ۔

تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی ان کو ڈنڈوں ، اور چمچوں سے مارتے  تھے اور جب ان کا دل نہیں بھرتا تھا تواستری گرم کرکے ہمارے جسموں پر لگا دیتے ۔

کم سن بچوں پر تشدد کا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب تشدد سے خوفزدہ ہوکر زخمی بچہ ایک دکاندار کے پاس گیا جس نے اس کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی اورویڈیو وائرل ہوگئی ۔
پولیس نے واقعہ کا علم ہونے کے بعد دونوں ظالم میاں بیوی کر گرفتار کرلیا ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ بچے مظفر گڑھ کے ایک گاؤں کے رہائشی ہیں، پولیس نے متاثرہ بچوں کے ماموں محمد احمد کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے دونوں بچوں کو تحویل میں لے کر بچوں کے والدین کے خلاف بھی اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دےدی ہے ۔

مزیدخبریں