پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہونے لگا، اموات میں کمی رپورٹ  

10:20 AM, 4 Oct, 2021

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے اموات میں کمی ہونے لگی ہے، گزشتہ روز 27 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ ایک ہزار 490 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے اس مرض میں مبتلا جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 27 ہزار 893 ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 52 ہزار 415 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار 490 افراد اس وبائی مرض میں مبتلا پائے گئے۔ اس وقت متاثرہ 3 ہزار 407 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 51 ہزار 348 تک جا پہنچی ہے جبکہ گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 2.84 فیصد رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسوں کی تعداد چار لاکھ ساٹھ ہزار 111، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ چوہتر ہزار چھ سو اکہتر، پنجاب میں چار لاکھ تیتیس ہزار دو سو چھیاسی، اسلام آباد میں ایک لاکھ پانچ ہزار سات سو تیتیس، بلوچستان میں بتیس ہزار نو سو اکیاسی، آزاد کشمیر میں چونتیس ہزار دو سو چونتیس اور گلگت بلتستان میں دس ہزار 332 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے سب زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں بارہ ہزار چھ سو پچاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں سات ہزار چار سو ستائیس، خیبر پختونخوا پانچ ہزار پانچ سو اسی، اسلام آباد نو سو اٹھائیس، گلگت بلتستان ایک سو چھیاسی، بلوچستان میں تین سو انچاس اور آزاد کشمیر میں 738 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزیدخبریں