کابل : افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد میڈیا انڈسٹری بحران کا شکار ہوگئی ۔ ایک اندازے کے مطابق 70 فی صد میڈیا ہاؤسز بند ہوگئے ۔
افغان خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں صحافیوں کی نیشنل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد میڈیا انڈسٹری شدید معاشی بدحالی کا شکار ہوگئی ہے ۔
کابل میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کی قومی تنظیم نے کہا کہ افغانستان کے 28 صوبوں میں ایک آن لائن سروے کیا گیا جس میں 1500 افغان صحافیوں نے حصہ لیا۔
تنظیم کے اعدادوشمار کے مطابق ، 67 فیصد افغان صحافیوں نے اپنی ملازمتیں کھو دی ہیں جبکہ ان میں سے 33 فیصد صحافی شدید دباؤ اور سخت حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔
نیشنل ایسوسی ایشن آف جرنلسٹس کے سربراہ مسرور لطفی نے کہا کہ زیادہ ترافغان میڈ یا جواس وقت ایکٹو ہے وہ شدید معاشی اورمالی بدحالی کا سامنا کرنے پر مجبور ہے ۔انہوں نے کہا کہ 40 فیصد افغان صحافی اپنی جان کی حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں جبکہ ان میں سے باقی اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے کی وجہ سے مشکل سے زندگی گزار رہے ہیں۔
یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کی طرف سے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سینکڑوں افغان میڈیا ہاؤسز بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں صحافی بے روزگار ہوچکے ہیں ۔