لندن: پنڈورا پیپرز کی تحقیقات میں بھارتی سابق کرکٹر اور کولمبین گلوکارہ کی بھی آف شور کمپنیاں نکل آئیں ۔ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور کولمبین گلوکارہ شکیرا
کی آف شورکمپنیوں میں کروڑوں کا بزنس کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق نامور شخصیات کے مالی امور پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی تحقیقات ’پنڈورا پیپرز‘ میں بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر اور عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آگئیں۔
بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے وکیل کا کہناہے کہ سچن ٹنڈولکر کی سرمایہ کاری جائز ہے اور اسے ٹیکس حکام کے سامنے ڈکلیئر کیا گیاہے۔
گلوکارہ شکیرا کے وکیل کے مطابق گلوکارہ نے اپنی کمپنیوں کو ڈکلیئر کیا ہوا ہے
یاد رہے کہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ کا نام بھی پنڈورا پیپرز میں آف شورکمپنی بنانے والوں میں شامل ہے، قطر کے حکمرانوں کی آف شورکمپنیاں بھی پنڈورا پیپرز میں سامنے آئی ہیں۔
یوکرین، کینیا اور ایکواڈور کے صدور کی آف شورکمپنیاں بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہیں، چیک ری پبلک اور لبنان کے وزرائے اعظم کی بھی آف شورکمپنیاں نکل آئی ہیں۔
خیال رہےکہ پنڈورا پیپرز ایک کروڑ 19 لاکھ فائلوں پر مشتمل ہیں اور تحقیقات میں دنیا کے 117 ملکوں کے 150 میڈیا اداروں کے 600 سے زائد رپورٹرز نے حصہ لیا ہے، صحافتی دنیا کی یہ سب سے بڑی تحقیقات ہیں جن میں پاکستان سے دی نیوز کے عمر چیمہ اور فخر درانی شریک ہوئے ۔