اسلام آباد: مشیر داخلہ واحتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے لاہور میں ہونے والے فلاپ شو نے میاں نواز شریف کی ہاری ہوئی سیاست کو بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ زندہ دلان لاہور نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے یار کی سیاست مسترد کردی۔ صاف ظاہر ہے مسلم لیگ (ن) اب نواز شریف اور ان کی ضدی اولاد کے جرائم کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس میں مشیر داخلہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو منی لانڈرنگ ونگ کے سربراہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے خلاف ٹی ٹی کیس پر نیب ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جا چکا ہے، فرد جرم بھی عائد ہونے والی ہے اور ان کے حیلے بہانے جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منظم منی لانڈرنگ کا یہ قصہ یہاں ختم نہیں ہوتا، رمضان شوگر ملز سے ساڑھے 9 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی، جس میں 11 ملازمین کے اکاؤنٹس استعمال کیے گئے ہیں۔ رمضان شوگر ملز شہباز شریف کی ہے، جسے حمزہ اور سلیمان شہباز دیکھتے ہیں۔