اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف مقدمات کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ امریکی خاتون کو میرے خلاف یہ الزمات لگانے پر مجبور کیا گیا تھا۔ میں میں خواتین کی عزت اور احترام کرتا ہوں، میں مزید اس معاملے کی پیروی نہیں کرنا چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس یہ یقین کرنے کے لیے ہر ثبوت ہیں کہ سنتھیا رچی نے اس طرح کے بوگس الزامات ان بااثر عناصر کے کہنے پر لگائے جو مجھے اور ملک کی اعلیٰ قیادت بشمول پہلی منتخب خاتون وزیراعظم محرتمہ شہید بینظیر بھٹو کو بدنام کرنے کا مذموم مقصد رکھتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے نیک نیتی کے تحت کوئی بدلہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور میں یہ معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں اور میں اپنے خاندان، دوستوں اور پی پی پی کی قیادت اور پارلیمنٹ کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرنے پر اس کا مشکور ہوں۔
خیال رہے کہ امریکی بلاگر سنتھیا ڈی رچی نے تھانہ سیکریٹریٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں رحمٰن ملک پر 2011 میں اپنی رہائش گاہ پر ان کا ریپ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، تاہم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے اس درخواست کو مسترد کردیا تھا۔