اگر صحیح احتساب ہو گیا تو اسمبلیوں میں موجود لوگ جیلوں میں نظر آئیں گے: سراج الحق

11:02 AM, 4 Oct, 2020

لاہور: پاکستان پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے بھی حکومت کی۔ اگر صحیح احتساب ہو گیا تو اسمبلیوں میں موجود لوگ جیلوں میں نظر آئیں گے۔ لوگ انہیں بددعائیں بھی دیتے ہیں اور الیکشن کے روز ووٹ بھی انہی کو دیتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان پر اس وقت نااہل قیادت مسلط ہے جس کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ پاکستان میں بدتر نظام حکومت کے باعث عوام رو رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ آج بہت بڑی تعداد میں لوگ جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہ تمام افراد دوسری پارٹیوں کو چھوڑ کر ہماری جماعت میں آئے، میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان پر اس وقت نااہل قیادت مسلط ہے جس کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ کسان، مزدور اور غریب پاکستانی سارا دن محنت کرکے بھی بھوکا سونے پر مجبور ہیں۔ بجلی کے بلز کی بڑھتی قیمتوں کے باعث عوام کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ ہر کوئی بیروزگاری کا رونا رو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کاشتکار، مزدور اور عام طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد مہنگائی کا شکوہ کر رہے ہیں۔ لوگوں کے پاس فیس اور بل دینے کیلئے پیسے موجود نہیں ہیں۔ سوال یہ ہے اس تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟

انہوں نے کہا کہ شہری سفر کے دوران غیر محفوظ ہیں۔ پاکستانیوں کے ہاتھوں میں ورلڈ بینک کی ہتھکڑیاں ہیں۔ انسان اتنا سانپ سے نہیں ڈرتا، جتنا تھانیدار سے ڈرتا ہے۔ نوجوان ڈگریوں کو جلانے پر مجبور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث اس وقت مایوسی کا شکار ہے۔ غریب لوگ اپنے بچوں کو تعلیم دلانے سے قاصر ہو چکے ہیں۔ یہ کڑوا سچ ہے کہ اس تباہی اور بربادی کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ پاکستان میں غریب اور امیر کیلئے الگ الگ ماحول ہے۔ اس وقت ہر پاکستانی لاکھوں کا مقروض ہو چکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہ کہ پاکستان پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے بھی حکومت کی۔ اگر صحیح احتساب ہو گیا تو اسمبلیوں میں موجود لوگ جیلوں میں نظر آئیں گے۔ لوگ انہیں بددعائیں بھی دیتے ہیں اور الیکشن کے روز ووٹ بھی انہی کو دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایک قوم نہیں بننے دیا۔ ملک کو اس وقت بھارت سے زیادہ خطرہ نہیں، ان ٹھگوں سے ہے۔ چھوٹے چھوٹے دیگر غریب ممالک پاکستان سے آگے نکل چکے ہیں۔

مزیدخبریں