لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار بڑے بڑے لوگوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ماضی میں جن لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا احتساب تحریک انصاف کا منشور ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے صرف اپنے ذاتی مفادات اور لوٹی ہوئی دولت کے تحفظ کیلئے اتحاد قائم کیا ہے۔ ان پارٹیوں کا پاکستان کے عوام کی ترقی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے کیونکہ مسترد شدہ عناصر ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ان جماعتوں نے اپنے دور اقتدار میں ملکی معیشت کو تباہ کیا۔ ملک کے 22کروڑ عوام کو حزب اختلاف کی غیر جمہوری اقدار سے بالکل بھی فرق نہیں پڑتا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو ایسے سیاستدانوں سے نجات دلائے گی۔