لاہور:کھانا کسے پسند نہیں ہے، لیکن اگر کھانا اچھا نہ بنا ہو تو انسان کا نہ کھانے کا دل کرتا ہے اور نہ ہی اس کھانے کی تعریف کرنے کا دل کرتا ہے۔اسی لئے کھانے کو لیکر خواتین اپنے گھروں میں اپنی فیملی کو خوش رکھنے کیلئے نت نئے طریقوں سے کھانا بنانے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔انہی گھریلو خواتین کی آسانی کیلئے آج آلو بخارے کی چٹنی تیار کرنے کا انتہائی آسان طریقہ بتائیں گے۔
اجزا
خشک آلو بخارا، 1/2 کلو
پانی، ایک لیٹر
چینی، ایک کپ
کالی مرچ، ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
سرخ رنگ، آدھا چائے کا چمچ
بادام، 10 سے 15 عدد
چار مغز (خربوزے کے بیج) 2 کھانے کے چمچ
ترکیب
خشک آلو بخارے کو پانی میں 3 سے 4 گھنٹوں کیلئے بھگو کر رکھ دیں۔ اس کے بعد خشک آلو بخارے کو پانی سے نکال کر اس میں ایک لیٹر پانی شامل کر کے چولہے پر چڑھا دیں، جب ابال آجائے تو اس میں ایک کپ چینی شامل کر لیں اور چمچ ہلاتے رہیں۔ 10 منٹ تک اسے پکنے دیں اور پھر اس میں ایک چائے کا چمچ کالی مرچ کا پاؤڈر شامل کر لیں۔
چمچ ہلاتے رہیں تاکہ تمام اجزا یک جان ہو جائیں اور چٹنی بھی گاڑھی ہو نے لگے، بعد ازاں اس میں آدھا چائے کاچمچ سرخ رنگ شامل کر لیں اور چمچ ہلاتے رہیں۔
اب وقفے وقفے سے چمچ کے ساتھ آلو بخارے کو دباتے رہیں تاکہ چٹنی گاڑھی ہو جائے، اسی طرح 15 سے 20 منٹ تک پکاتے رہیں۔ اس کے بعد اسے چولہے سے اتار لیں اور اس میں چار مغز اور بعد ازاں بادام شامل کر لیں۔ لیجئے آلو بخارے کی مزیدار چٹنی تیار ہے۔