کئی اداکارائیں کیسے ٹاپ پر پہنچیں؟ایشا کوپیکر کے کاسٹنگ کائوچ کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات

09:14 AM, 4 Oct, 2020

ممبئی:بھارتی اداکارہ ایشا کوپیکر نے بالی ووڈ میں کاسٹنگ کائوچ کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات کرڈالے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشا کوپیکر نے بالی ووڈ میں کاسٹنگ کائوچ  سے لے کر منشیات اور اقربا پروری تک پر کھل کر بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح بالی ووڈ کی کئی اداکارائیں ٹاپ پر پہنچی ہیں ۔


بالی ووڈ میں کاسٹنگ کائوچ کے واقعہ کو لے کر کئی انکشافات ہوچکے ہیں ۔ کئی اداکارائیں سامنے آکر اس بارے میں بات کرچکی ہیں تو کئی نے اس کے خلاف قانونی قدم بھی اٹھائے ہیں۔


 وہیں اس معاملہ پر اب مشہور اداکارہ ایشا کوپیکر نے بھی کئی سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے کئی بالی ووڈ اداکارائیں ٹاپ پر پہنچی ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے اقربا پروری سے لے کر منشیات جیسے معاملات پر بھی بات چیت کی ۔ انہوں نے اقربا پروری کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے ریتک روشن کی فلم کے ایک ڈائیلاگ کا بھی استعمال کیا ۔


ایشا کوپیکر نے ان دنوں بالی ووڈ انڈسٹری میں چل رہے سبھی سلگتے موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ہندوستان ٹائمز  سے بات چیت میں ریتک روشن کی فلم سپر 30 کا ایک ڈائیلاگ بھی بولا کہ اب راجہ کا بیٹا راجہ نہیں بنے گا ، اب راجہ وہ بنے گا جو حقدار ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں صرف فلموں میں ہی اچھی لگتی ہیں اور اصلیت بالکل الگ ہی ہوتی ہے ۔


ایشا کا کہنا ہے کہ خواہ آپ اقربا پروری کہہ لیں یا کسی کو فیور کرنا کہہ لیں ، میں مانتی ہوں کہ اس سے ہمارے جیسے آئوٹ سائیڈرز کا نقصان ہے ، لیکن ایسے بھی کئی سٹار کڈزہیں ، جو آئے لیکن کچھ خاص نہیں کرپائے اور ایسے بھی آئوٹ سائیڈرز ہیں جنہوں نے ثابت کردیا کہ محنت کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔ جیسے مادھوری ڈکشت ، دیپیکا پڈوکون ، پریانکا چوپڑا اور انوشکا شرما ۔


انہوں نے کہا کہ یہاں پر کیمپس ہیں ، لیکن میں اس بارے میں کیا کہہ سکتی ہوں ؟ شاید یہ لوگ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں جو ان کے دوست ہیں ۔ مجھے نہیں معلوم اندر کیا ہوتا ہے ، اس لئے قیاس آرائی بھی نہیں کرتی ۔ مجھے بھی کئی باتوں کا دکھ ہے ، میں بھی کڑواہٹ رکھ سکتی ہوں ، لیکن میں رکھنا نہیں چاہتی ہوں ۔


وہیں کاسٹنگ کائوچ کو لے کر ایشا نے کہا کہ یہ ہوتا ہے ، لیکن یہ آپ پر منحصر کرتا ہے ۔ اگر آپ کو کاسٹنگ کائوچ کے سہارے کام کرنا ہے تو کریں ، بہت سی اداکارائوں نے کیا اور بلندیوں پر پہنچی ہیں ، لیکن جسے نہیں کرنا ہے وہ نہیں کرتا ہے ۔ وہیں منشیات کے معاملہ پر ایشا نے کہا کہ وہ نہیں مانتی ہیں کہ وہ اس پر بولنے اور کسی کو دکھ پہنچانے کی طاقت رکھتی ہیں ۔


یاد رہے کہ گزشتہ برس ’عشق سمندر‘ اور ’خلاص‘ جیسے باولی ووڈ کے ٹرینڈ سیٹر آئٹم گانوں میں پرفارمنس کرنے والی اداکارہ 43 سالہ ایشا کوپیکر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں متعدد ساتھی اداکاروں نے ’جنسی تعلقات‘ استوار کرنے کی پیش کش کی۔


ایشا کوپیکر نے متعدد فلموں میں نہ صرف آئٹم سانگ کیے بلکہ انہوں نے انتہائی بولڈ کردار بھی ادا کیے، تاہم انہیں زیادہ تر مختصر کردار ہی دیے جاتے رہے۔ایشا کوپیکر کو جہاں بالی ووڈ میں مختصر کردار دیے جاتے رہے یا انہیں معاون ہیروئن کے طور پر کاسٹ کیا جاتا رہا، وہیں وہ تامل اور تیلگو سمیت دیگر بھارتی زبانوں میں بننے والی فلموں میں اہم کرداروں میں دکھائی دیں۔


ایشا کوپیکر نے اداکاری کی شروعات بھی تامل فلموں سے کی تھی، تاہم 2000 میں وہ بالی ووڈ میں آئٹم گرل کے طور پر سامنے آئیں اور مشہور تھرلر فلم ’کانٹے‘ میں ’عشق سمندر‘ گانے پر پرفارمنس کرکے مشہور ہوئیں۔


ایشا کوپیکر نے متعدد فلموں میں جہاں مختصر کردار ادا کیے وہیں انہوں نے فلم پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی اور وہ ٹی وی پر بھی دکھائی دیں۔انہوں نے 2009 میں شادی کی تھی، جس کے بعد وہ فلموں میں کم دکھائی دیں اور ان کی آخری فلم ’شبری‘ 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔

فلموں سے دور ایشا کوپیکر نے گزشتہ برس کے آغاز میں ہی سیاست میں انٹری دی تھی اور انہوں نے حکمران جماعت ’بھارتی جنتا پارٹی‘ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

مزیدخبریں