ملک بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے 11 اکتوبر کو ایڈمیشن ٹیسٹ کا اعلان

08:26 AM, 4 Oct, 2020

اسلام آباد: ملک بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے 11 اکتوبر کو ایڈمیشن ٹیسٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل کمیشن کا پہلا کونسل اجلاس ہوا جس میں ایڈمیشن پالیسی اور فیس اسٹرکچر کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق نجی میڈیکل کالجز کیلئے تجویز کردہ فیس اسٹرکچر پی ایم سی کو جمع کرایا جائے گا جبکہ نمز کو ایف ایس سی سلیبس کے تحت امتحان کرانے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

لائسنس کے لیے تمام تر درخواستیں آن لائن پورٹل پر جمع کرائی جاسکیں گی اور تاخیر کا شکار تمام لائسنسز کا عمل فوری شروع کیا جائے گا جبکہ لائسنس کے حوالے سے سارا عمل 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے گا۔

فارن کالجز میں داخلے کے خواہش مند کالجز کی ویریفیکشن ہونے تک ذمہ دار خود ہونگے۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ کرغستان کے تمام میڈیکل کالجز کو بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اور ایسے کالجز سے ڈگری لینے والے لائسنس کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

اس کے علاوہ 2 ماہ کے لیے ڈاکٹر شائستہ ذیشان کو کنٹریکٹ بنیادوں پر کونسل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا اور مستقل تعیناتی تک رضا شاہ کو کنٹریکٹ بنیادوں پر ڈائریکٹر آئی ٹی تعینات کر دیا گیا ہے۔

کونسل کی جانب سے ہیومین ریسورس، فنانس، امتحانی اور قانونی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ممبران کی تقرری کے لیے ہیومین ریسورس کمیٹی کی جانب سے 45 دنوں میں تقرری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں