امریکہ میں پالتو کتے کو قتل کرنے والے ایک شخص کو9 سال قید کی سزا

12:30 PM, 4 Oct, 2019

واشنگٹن: امریکی ریاست میسوری میں ایک شخص کو اپنی گرل فرینڈ سے بدلہ لینے کے لیے اس کی سہیلی کے کتے کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرنے کے جرم میں نو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

انڈریو نیپر نامی اس شخص نے اپنی گرل فرینڈ کی سہیلی کے کتے کو قتل کرنے کے بعد اس پالتو جانور کی لاش کو اس کی مالکہ کے گھر کے باہر چھوڑ دیا اور بعد میں سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ سنیپ چیٹ پر اس خاتون کو ایک پیغام میں لکھا کہ لگتا ہے کہ آج تمہارا مشکل دن گزر رہا ہے۔

عدالت نے انڈریو نیپر کو جانور کے ساتھ زیادتی کرنے، اس کو چوری کرنے اور اپنی گرل فرینڈ کا پیچھا کرنے کے جرم میں نو سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ کتے کی مالکہ نے گھر کے دروازے پر دستک ہونے پر جب دروازہ کھولا تو اسے کچرے کے لفافے میں اپنے کتے کی لاش کے ٹکڑے ملے۔

اس خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انڈریو اور اس کی سہیلی کچھ عرصے تک ملتے جلتے رہے۔ جب انڈریو نے اس کی سہیلی کا پیچھا کرنا اور اسے تنگ کرنا شروع کیا تو انہوں نے پولیس کو شکایت درج کی تھی۔

کتے کی مالکہ کی رائے میں پولیس کو شکایت درج کرانے کی وجہ سے انڈریو نے اس کے کتے کو مار ڈالا۔

مزیدخبریں