لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے آزادی مارچ کے حوالے سے اگر شک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پر امید ہوں مولانا کا مارچ کامیاب ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دھرنے کے علاوہ ہر سطح پر مولانا کے ساتھ ہو گی۔ مولانا کے مارچ کی حمایت کی نوعیت پر فیصلہ پارٹی کرے گی لیکن اگر شک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔
احتجاجی تحریک کے نتیجے میں سندھ حکومت کو خطرے سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سندھ حکومت پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کامیاب نہیں ہو سکتے۔