شاہد خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

11:39 AM, 4 Oct, 2019

نیو جرسی: ارب پتی افراد کی فہرست میں  شامل پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین شاہد خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔امریکی میگزین فوربس ہر سال دنیا بھر کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کرتا ہے اور ہر سال کی طرح اس بار بھی امریکی میگزین نے دنیا کے 400 امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی ہے۔

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ایمیزون کے سی ای او جیف بیزوس سرفہرست ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 114 ارب ڈالر ہے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 106 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جن کے اثاثے گزشتہ برس 99 ارب ڈالر تھے۔دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک کے سی ای او مارک زکر برگ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 69 ارب 60 کروڑ ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

ارب پتی افراد کی فہرست میں آٹو پارٹس بزنس سے منسلک پاکستانی نژاد شاہد خان بھی شامل ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 7 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔فوربس میگزین کی جاری کردہ فہرست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 275 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جو 3 ارب 10 کروڑ ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں۔

شاہد خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 16 برس کی عمر میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے اور پھر وہیں مستقل سکونت اختیار کر لی۔

شاہد خان نے 1980 میں اپنے سابق مالک سے آٹو پارٹس کمپنی فلیکس این گیٹ خریدی اور ان کی کامیابی کی وجہ ایک پیس کا بنا ٹرک بمپر ہے۔ اس وقت دنیا میں ان کی کمپنی کے 66 پلانٹس ہیں جن میں 24 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں