دنیا کا پہلا 5 کیمروں والا اسمارٹ فون متعارف

11:58 PM, 4 Oct, 2018

نیویارک :دنیا کا پہلا ایسا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے جس میں مجموعی طور پر 5 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران ایل جی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون وی 40 متعارف کرایا جو کہ پہلا فون ہے جس میں آگے اور پیچھے مجموعی طور پر 5 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

ابھی مارکیٹ میں 4 کیمروں والے فون تو دستیاب ہیں مگر وی 40 پہلا فون ہے جس کے بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر 2 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس فون میں 6.4 انچ کا لگ بھگ بیزل لیس ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اوپری حصے میں آئی فون ایکس جیسا نوچ موجود ہے، تاہم صارف چاہے تو اسے ہائیڈ کرسکتا ہے۔

اس میں آڈیو کے لیے بلٹ ان ڈی اے سی دیا گیا ہے جو کہ ہیڈفونز کے لیے آواز کو بہتر کرے گا ، فون میں گوگل اسسٹنٹ کا بٹن بھی دیا گیا ہے جس سے آپ ریمائنڈر، موسم جاننے اور چند دیگر دوسرے کام یعنی وائیڈ اینگل کیمرے سے تصویر لینا وغیرہ کرسکتے ہیں۔

یہ فون آئی پی 68 واٹر ریزیزٹنس ریٹنگ رکھتا ہے اور کمپنی کے مطابق ایک میٹر پانی میں آدھے گھنٹے تک رہنے پر بھی اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ایل جی نے اس فون میں ہیڈفون جیک کو برقرار رکھا ہے اور صارفین کو ڈونگل یا بلیوٹوتھ سے کنکٹ کرکے ہیڈفون استعمال کرنے کی تکلیف کا سامنا نہیں ہوگا۔

ایل جی نے اس میں اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر دیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ سابقہ ماڈل کے مقابلے زیادہ تیز ہے۔

مزیدخبریں