امریکا میں ریپ کے الزامات کا سامنا کرنے والے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو پرتگال کے آئندہ میچوں کے لیے ٹیم اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 34سالہ سابق امریکی ماڈل کیتھرین مایورگا نے کرسٹیانو رونالڈو پر ریپ کاالزام عائد کیا ،ان الزامات کے پیش نظر رونالڈو کو 11 اکتوبر کو پولینڈ میں ہونے والی یوئفا نیشنز لیگ کے دوسرے میچ کے لیے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا،اس کے علاوہ انہیں 15 اکتوبر کو گلاسگو میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہونے والے میچ سے بھی دور کردیا گیا ہے،کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ اور ریال میڈرڈ کے بعد اب یوونٹس کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پرتگال کے کوچ فرنینڈو سانتوز کا کہنا تھا کہ رونالڈو کو اگلے ماہ بین الاقوامی کھیلوں کے لیے بھی نہیں بلایا جائے گا، یہ فیصلہ، رونالڈو، پرتگال کی سوکر فیڈریشن کے صدر اور ان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد لیا گیا،ہم نے فیصلہ کیا ہے اگلے 2 اسکواڈ سلیکشن تک رونالڈو ہمارے لیے آپشن نہیں ہوں گے،ہمیں امید ہے کہ رونالڈو دوبارہ پرتگال کے لیے کھیلیں گے۔
خیال رہے کہ چند دن قبل ایک امریکی خاتون کیتھرین نے امریکی جریدے ڈیر اشپیگل سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ رونالڈو نے 2009 میں ان کیساتھ ریپ کیا تھا انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ عدالت سے باہر ہی رونالڈو اور کیتھرین کے مابین ایک ڈیل ہوئی، جس کے تحت رونالڈو نے کیتھرین کو تین لاکھ پچھتر ہزار ڈالر دیے۔ اس ڈیل کے تحت کیتھرین نے اپنا منہ بند رکھنے کا عہد کیا تھا۔
اب اس واقعے کے نو سال بعد کیتھرین نے امریکی جریدے سے گفتگو میں کہا کہ وہ مزید اس ڈیل کے تحت خاموش رہنے کی مجاز نہیں ہے کیونکہ اس رات کا کرب اب اس کی زندگی کو زیادہ پریشان کرنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رات کا سوچ کر انہیں سنگین دورے پڑتے ہیں۔میں اس صورتحال کی وجہ ریپ کو سمجھتی ہوں۔ میں اس (رونالڈو) کو ملزم قرار دیتی ہوں۔