کراچی کے تمام پارکس بحال کئے جائیں، چیف سیکریٹری

کراچی کے تمام پارکس بحال کئے جائیں، چیف سیکریٹری

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کراچی کے تمام پارکس سے تجاوزات ختم کر کے پارکس کو بحال کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی کے تمام پارکس سے ہر قسم کی تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی، سیکریٹری ثقافت اکبر لغاری ، سیکریٹری بلدیات، ڈی جی کے ڈی اے، ڈائریکٹر پارکس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ 3 روز میں شہر کے پارکس کی رپورٹ فراہم کریں اور شہر کے تمام پارکس سے تجاوزات ختم کر کے پارکس کو بحال کیا جائے گا۔

انہوں  نے کہا ہے کہ ایم سی، کے ڈی اے، کنٹونمنٹ بورڈ اور مختلف سوسائٹیوں کے پارکس کی جیو ٹیک کرائی جائے گی،شہر کے پارکس کی بحالی کے لئے میگا منصوبہ بنایا جائے گا جس میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت سے بھی مدد لی جائے گی۔

کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی نے اجلاس کو تجاوزات کے خلاف کی گئی کاروائیوں سے متعلق اگاہی د ی، ڈی ائی جی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ تجاوزات ہٹانے کے لئے پولیس ہر قسم کی معاونت کے لئے تیار ہے۔