کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لیے تشکیل جے آئی ٹی کے لیے نگران جج تعینات کر دیا۔سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی 2007 کے کیس کا محفوظ فیصلہ 11 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں سنایا جس میں عدالت نے سانحہ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔
سندھ حکومت نے عدالتی حکم پر 28 ستمبر کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس کا سربراہ کراچی پولیس چیف امیر شیخ کو مقرر کیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے بھی جے آئی ٹی کی نگرانی کے لیے جسٹس صلاح الدین پنہور کو نگران جج تعینات کر دیا ہے۔
سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کلاس کیے گئے کیسز کی وجوہات اور دیگر کیسز کا پتا لگائے گی اور ہر 15 روز بعد نگران جج کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔