لاہور: رانا مشہود کے متازعہ بیان پر پنجاب اسمبلی میں لیگی رہنما کی رکنیت معطل کرنے کیلئے قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی رہنما رانا مشہود نے قابل اعتراض بیان بازی کی۔ اسٹیبلشمنٹ سے معاملات ٹھیک ہونے کا عندیہ دے کر پنجاب حکومت گرانے کا بیان دیا۔ انکا بیان سرا سر جھوٹ اور خود فریبی پر مبنی ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا مشہود کا بیان ان کی جماعت مسلم لیگ ن اور قیادت نے بھی تسلیم نہیں کیا۔ معتبر ادارے کے خلاف بیان دینے پر رانا مشہود کی رکنیت معطل کی جائے۔
خیال رہے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے متنازع گفتگو پر سینئر رہنما رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق رانا مشہود سے باز پرس کے لیے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں راجہ ظفر الحق، ایاز صادق اور رانا تنویر شامل ہیں۔