اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدر بننے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی آؤ بھگت کرنا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر چند ٹوئٹس کیں جس میں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف کو جماعت کا سربراہ بنانا ایسا ہی ہے جیسے پاگلوں نے پاگل خانے پر قبضہ کر لیا ہو۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کرپٹ لوگوں کی آوبھگت کرنا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز ستم ظریفی ہے کہ آصف زرداری اور ان کی بہن فریال نے میرے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ صرف اس لیے دائر کیا کیوں کہ میں نے ان کی بے بہا کرپشن پر بات کی۔