"امریکی جنرل کابیان حقائق کے منافی ہے، امریکہ خود دہشتگردی کاسب سے بڑا سپورٹرہے"

09:30 PM, 4 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے بیان کہ’’پاکستانی خفیہ ایجنسی کے دہشتگردوں سے تعلقات ہیں اورپاکستان کا نان نیٹواتحادی درجہ ختم کرسکتے ہیں‘ پر اپنے شدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ خود دہشتگردوں کاسب سے بڑاسپورٹرملک ہے۔حکمرانوں کی کمزوریوں کے باعث پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے،یہ لمحہ فکریہ ہے۔پاکستان،افغانستان اور عرا ق میں امریکہ نے پندرہ لاکھ مسلمانوں کو لقمہ اجل بنا دیا۔

انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان نے امریکی دہشتگردی کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ہمارے60ہزار سے زائد پاکستانی شہید اور سواسوارب ڈالر کامعاشی نقصان ہوا جبکہ بدلے میں ڈومو ر کامطالبہ کیا جاتا ہے۔تاریخ نے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ کسی کے ساتھ مخلص نہیں۔وہ اپنے مفادات کو مدنظر رکھ کر خارجہ پالیسی کو تشکیل دیتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت ایسی پالیسیاں مرتب کرے جو حقیقی معنوں میں20کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمان ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں چین،ترکی،سعودیہ عرب اور ایران کے ساتھ مل کر خطے کی سلامتی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔جنوبی ایشیا میں بھارت، امریکہ اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ دہشتگردی کو پروان چڑھا نے میں بنیادی کردار اداکررہا ہے۔خطے میں امریکی کردار کے دوہرے معیار کھل کر سامنے آچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکنے کی ضرورت ہے۔پاکستان امریکہ کی ذیلی ریاست نہیں ہے۔بدقسمتی یہ ہے کہ70برسوں سے پاکستان پر امریکی غلامی کادم بھرنے والے حکمران قابض ہیں۔محب وطن قیادت کے فقدان نے اس نہج پر پہنچادیا ہے کہ برادر اسلامی ہمسایہ ممالک میں بھی پاکستان کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان کی سلامتی خطرے میں ہے۔دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کو بے نقاب کرناہوگا۔ملکی خودمختاری،عزت ووقار اور خودداری کے لیے ضروری ہے کہ نااہل حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے۔قوم کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں