"عالمی برادری پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے"

05:40 PM, 4 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، ہماری بہادر اور پیشہ ور مسلح افواج ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں تاہم عالمی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پاکستان تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

بدھ کو جاری ایک بیان میں بحرین میں پاکستان کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس سے متعلق بھارتی دھمکیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کو مسلسل نظر اندز کرنا انتہائی شرمناک ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی دھمکیوں کی مذمت کریں اور اسکا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی دھمکیاں نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی بلکہ بھارت کے جارحانہ عزائم کی عکاس بھی ہیں۔جاوید ملک کاکہنا ہے کہ بھارت اس قسم کی دھمکیوں سے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری بہادر مسلح افواج ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے تاہم عالمی برادری کے زمہ دار رکن کی حیثیت پاکستان تمام معاملات بات چیت اورسفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

مزیدخبریں