افغان سرحد سے ایک بار پھر دراندازی، پاک فوج کا صوبیدار شہید

08:57 AM, 4 Oct, 2017

راولپنڈی: افغان دہشتگردوں نے ایک بار پھر پاکستانی علاقے میں واقع سرحدی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا نائب صوبیدار شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کی جانب سے شرپسندوں نے حال ہی میں پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں سے پاک کی گئی وادی راجگال کے درہ موسٹل میں پاکستانی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

افغان دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے نائب صوبیدار اظہر علی شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی ہے۔ نائب صوبیدار اظہر علی کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے میں لے جایا جائے گا جہاں شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خا ک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں نے پاکستانی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ ارسلان شہید ہو گئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے بارہا افغان حکام کو باور کرایا جا چکا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گرد پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود افغان حکام کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں