مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز ہیلو آتھینٹیکیشن کے یوزر انٹرفیس میں تبدیلی

مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز ہیلو آتھینٹیکیشن کے یوزر انٹرفیس میں تبدیلی

واشنگٹن : مائیکروسافٹ نے ونڈوز ہیلو آتھینٹیکیشن کے یوزر انٹرفیس کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سسٹم چہرے کی شناخت اور فنگر پرنٹ کے ذریعے صارف کی تصدیق کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے اور اب اسے ونڈوز 11 میں مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

نیا ڈیزائن فی الحال بیٹا ورژن میں محدود تعداد میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اس نئے یوزر انٹرفیس میں جدید آئیکونز متعارف کرائے گئے ہیں اور پاس کیز کی خصوصیت کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

 یہ تبدیلیاں نہ صرف ونڈوز 11 کے لاگ ان اسکرین پر نظر آئیں گی بلکہ ویب سائٹس اور ایپس پر پاس کیز کے ذریعے سائن ان کرتے وقت بھی صارفین کو دکھائی دیں گی۔

مائیکروسافٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ونڈوز میں پاس کیز کے ذریعے صارف کی تصدیق کے نظام کو زیادہ محفوظ اور تیز تر بنانے کے لیے دوبارہ ڈیزائن کیا ہے۔

 صارفین کو مختلف آتھینٹیکیشن آپشنز جیسے پاس کیز اور دیگر انتخاب کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

فی الحال، ونڈوز 11 کے لیے پاس کیز کی حمایت دی گئی ہے، لیکن اس کے لیے صارفین کو موبائل ڈیوائسز سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوگی۔ نئے یوزر انٹرفیس میں اس عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو آسانی ہو۔