اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس چوروں اور ان کی مدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ملکی معیشت میں استحکام اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 250 پوائنٹس کی کمی کو خوش آئند قرار دیا، جس سے شرح سود 17.5 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد ہو گئی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آچکی ہے اور قومی و بین الاقوامی ادارے معیشت کی بہتری کی تصدیق کر رہے ہیں۔
سعودی عرب اور قطر کے حالیہ دوروں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں پر بات چیت کی گئی جس کے تحت سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر جبکہ قطری سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور ٹیکس دہندگان کے احترام پر بھی زور دیا۔