اسلام آباد : جماعت اسلامی پاکستان نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔امیر حافظ نعیم الرحمان نے وکیل عمران شفیق کے ذریعے کی درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ آئینی ڈھانچے اور متعدد آئینی شقوں کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی نے استدعا کی ہے کہ اس ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے، چیف جسٹس پاکستان کے تقرر کا عمل سنیارٹی کے اصول کے مطابق کیا جائے، اور پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے چیف جسٹس کے تقرر کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔
اس درخواست کے ذریعے جماعت اسلامی نے عدالتی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور عدالت سے نئی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کو معطل کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔