گوجرانوالہ : ایف آئی اے نے گوجرانوالہ زون میں ایک بڑی کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے بدنام زمانہ اشتہاری ملزم بشیر احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بشیر احمد کے خلاف 10 سے زائد مقدمات درج ہیں، جن میں زیادہ تر کمپوزٹ سرکل گجرات نے 2022 میں درج کیے تھے۔ وہ ریڈ بک میں انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے، جس میں 12 متاثرین سے فی کس 18 لاکھ روپے وصول کیے گئے تھے۔ ملزم نے کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا اور کئی شہریوں کی جانیں چلی گئیں۔
ایف آئی اے نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو حافظ آباد سے گرفتار کیا، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔