سینیٹ اور قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری

10:17 AM, 4 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اہم اجلاس آج ہونے جا رہے ہیں، جن میں اہم قانون سازی متوقع ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے شروع ہوگا  جس  کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں انسداد دہشتگردی ترمیمی بل اور ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

 اس کے علاوہ، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس بھی پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں رول آف لاء انڈیکس میں پاکستان کے 129ویں نمبر پر آنے کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔

صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس میں خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ دیگر موضوعات میں عالیہ کامران کا پی آئی اے کے طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس، وقفہ سوالات، اور نکتہ اعتراض بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس کے لیے 39 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، جس میں آج 3 نئے بل پیش کیے جائیں گے۔

 اس کے علاوہ، 11 بلوں کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹس اور منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ حکومت نے تمام اراکین پارلیمنٹ کو ایوانوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ اہم معاملات پر مؤثر بحث اور فیصلے کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں