اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات مافیا کیخلاف 5 جبکہ راولپنڈی پولیس نے 8 مختلف کاروائیوں میں 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں اداروں کی کاروائیوں کے نتیجے میں 353 کلو گرام چرس جبکہ نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق پانچ مختلف کاروائیوں میں چار ملزمان کو گرفتار کرکے341 کلو چرس و نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ اسلام آباد ایف الیون میں پہلی کاروائی کے دوران ملتان کے رہائشی ملزم سے 4 کلو 400 گرام چرس برآمد کر لی گئی دوسری کاروائی کوئٹہ لکپاس ٹول پلازہ کے قریب کی گئی جہاں گاڑی سے 156 کلو 600 گرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کے ترجمان نےبتایا کہ اورکزئی میں مشکوک گھر پر چھاپے کے دوران 180 کلو گرام چرس برآمد جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تعلیمی ادارے کے قریب ملزم سے 5 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ دوران تفتیش ملزم نے گومل یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات مہیا کرنے کا اعتراف کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی جناح ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 3020 عدد نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں مُلزم پرواز جی 9543 کے ذریعے مدینہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے منشیات مافیا کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 12 کلو چرس برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق منشیات مافیا کیخلاف کاروائیاں تھانہ رتہ امرال، صدر واہ اور پیرودھائی کی حدود میں کی گئیں۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔