کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کی حمایت کر دی۔
کرکٹ کے میدان میں روایتی حریف ٹیم بھارت کے سابق کھلاڑی عرفان پٹھان اکثر سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کا مذاق اڑاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں پاکستانی مشہور شخصیات اور بعض اوقات صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ تاہم اب پہلی بار پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے سابق بھارتی کھلاڑی کی حمایت کی ہے۔
حالیہ اسرائیل فلسطین کشیدگی پر سابق بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے غزہ کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے لکھا کہ آئے روز غزہ کے معصوم بچے، خصوصاً 0 سے 10 سال کے بچے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے مزید لکھا کہ بطور کھلاڑی میں صرف آواز بلند کرسکتا ہوں لیکن یہ ہی وقت ہے جب دنیا بھر کے اعظیم اور امن پسند رہنما متحد ہو کر معصوم بچوں کے اس سمجھ سے بالاتر قتل عام کو روکیں اور جنگ بندی کے لیے اقدامات کریں۔
بھارتی کھلاڑی کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ سامنے آنے پر پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت کر دی۔ اداکارہ نے عرفان پٹھان کی ہمت کو داد دیتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ آپ کی جرأت کو سلام میرے بھائی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر بربر یت مسلسل جاری ہے۔ گزشتہ رات اسرائیل نے الشفاء ہسپتال سے نکلنے والے ایمبولینسوں قافلے پر حملہ کر کے بچوں اور خواتین سمیت 15افراد کو شہید کر دیا۔ وزارت صحت کے مطابق جنوبی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کو پناہ دینے والے ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 20 افراد شہید ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 166 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 227 ہوگئی ہے۔